السلام علیکم محترم حکیم صاحب آپ کو چند نسخے ارسال کررہی ہوں یہ ہمارے آزمودہ ترین نسخہ جات ہیں۔ پہلا نسخہ معدہ کی پھکی کا ہے جوکہ میری والدہ محترمہ کو ایک بوڑھی اماں کے توسط سے ملا۔ میری والدہ یہ پھکی بناتی ہیں آپ یقین کریں اس کے ناقابل یقین رزلٹ ملتے ہیں۔ معدہ جگر اور ہر قسم کی تکلیف خواہ ہیضہ ہو یا معدہ میں درد، خواہ بھوک نہ لگتی ہو اور کھانا کھانے کو دل نہ کرتا ہو، گیس کی وجہ سے سارا نظام خراب ہو، کھٹی ڈکاریں آتی ہوں یہ پھکی لاجواب ہے۔ میری و الدہ پہلے گھر کے استعمال کیلئے بناتی تھیں اور جب خاندان میں کسی کو بھی معدے یا پیٹ کا مسئلہ ہو وہ ہم سے لیکر کھا لیتا تھا۔ میری امی کی دوست ہیں وہ ایک گھرمیں سپارہ پڑھانے جاتی ہیں ان کو معدے کا مسئلہ تھا وہ بہت امیر ہیں بڑے سے بڑے ڈاکٹروں سے علاج کروایا لیکن کوئی افاقہ نہیں ہوا۔ انہیں یہ پھکی دی تو یقین جانئے انہیں حیرت انگیز رزلٹ ملا تو ان کی بہن دبئی سے آئی ہوئی تھیں ان کو بھی معدے جگر کا مسئلہ تھا انہوںنے کھائی تو ساری وہ ہی لے گئیں اور سپارے والی آنٹی کو کہا کہ ہمیں اور منگواکر دو۔ امی نے اس بار پھکی تقریباً 6,7 کلو بنائی اور لوگ ہاتھوں ہاتھ لے گئے۔ اب صرف ایک ڈیڑھ پائو بچی ہے جو بھی کھاتا ہے وہ دعائیں دیتا ہے۔ میرے بھائی کو بھوک نہیں لگتی تھی امی نے زبردستی اس کو صبح نہار منہ کھلائی دو دن بعد اسے خوب ڈٹ کر بھوک لگی۔ حالانکہ وہ دو دو دن کچھ کھائے پئے بغیر ہی گزار دیتا تھا۔ اس سے چھوٹے بھائی کے چہرے پر دانوں کا مسئلہ تھا وہ رات کو اور صبح نہار منہ پھکی کھاتا ہے اس کے دانے نکلنے بند ہوگئے ہیں اور بھی بہت سے واقعات ہیں جو بھی استعمال کرتا ہے واہ واہ کرتا ہے۔ اب اس کا نسخہ پیش کرتی ہوں: ثناء کے پتے کھانے کے دو چمچ، اجوائن ایک چھٹانک، زیرہ ایک چھٹانک، نیم کے مغز آدھی چھٹانک سے بھی کم، بڑی ہڑیڑ ایک چھٹانک، چھوٹی ہڑیڑ ایک چھٹانک، سمندر جھاگ ایک چھٹانک، کالا نمک، سفید نمک آدھا آدھا چھٹانک لے لیں۔ خشک پودینہ کھانے کے دو چمچ، سمندری نمک یعنی چاروں نمک، سونف کھانے کے دو چمچ، نشادر دو ٹکیاں، میٹھا سوڈا ایک کھانے کا چمچ، کالی مرچ 10 عدد، لیموں کے بیچ تھوڑے سے۔
ثناء کے پتے، زیرہ، اجوائن دھوکر خشک کرلیں۔ بڑی ہڑیڑ توڑ کر اس کے مغز نکال لیں، اس کا پوست بھی ڈالنا ہے اور گٹھلی کے اندر جومغز ہے وہ بھی، ان سب چیزوں کو کوٹ کر پھر کسی دواخانہ سے پسوالیں پھکی تیار ہے۔ ترکیب استعمال: آدھا چائے کا چمچ نہار منہ نیم گرم پانی سے لیں۔ عام طور پر اگر کھانے کی روٹین بنانی ہے اور اگر معدے میں شدید درد یا قبض ہو یا پیٹ میں درد ہو تو مقدار بڑھاکر ایک چمچ چائے والا اور معدے کی تکلیف میں مبتلا لوگ کھانے سے پہلے ضرور کھائیں اور قبض کے متاثرہ لوگ پھکی کے ساتھ آدھا چائے کا چمچ اسپغول کا چھلکا کھالیں۔ انشاء اللہ اللہ کے حکم سے تیر بہدف نسخہ ہے۔ بواسیر کیلئے ایک ہفتہ صبح و شام استعمال کریں‘اکسیر ہے۔

0 Comments